Urdu in Photoshop and Corel Draw
کئی لوگ پوچھتے ہیں کہ یہ جو رنگ برنگی تصویروں پر مختلف انداز میں بڑی خوبصورت اردو لکھی ہوتی ہے، یہ دلکش اردو ڈیزائننگ کیسے کی جاتی ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ اس کام کے لئے کئی ایک سافٹ ویئر موجود ہیں لیکن اس وقت سب سے مشہور اڈوب فوٹوشاپ (Adobe Photoshop) ہے اور کسی حد تک کورل ڈرا (Corel Draw) بھی ہے۔ اس کے علاوہ اکثر لوگ خاص فوٹوشاپ اور کورل ڈرا میں اردو لکھنے کے متعلق پوچھتے ہیں تو ابھی انہیں دونوں سافٹ ویئرز میں اردو لکھنے کے متعلق دیکھتے ہیں۔ پہلے ان سافٹ ویئرز میں براہ راست اردو نہیں لکھی جا سکتی تھی لہٰذا ان پیج یا مائیکروسافٹ ورڈ وغیرہ میں اردو لکھ کر اسے مختلف طریقوں سے جیسے ویکٹر گرافکس، پی آر این (PRN) یا پی ڈی ایف (PDF) وغیرہ بنا کر فوٹوشاپ اور کورل ڈرا میں امپورٹ کیا جاتا تھا۔ لیکن اب جدید دور ہے اور یہ سب گئے دنوں کی باتیں ہیں۔ اب پاک اردو انسٹالر کے ذریعے تقریباً ہر جگہ اور ہر سافٹ ویئر میں ڈائریکٹ اردو لکھی جا سکتی ہے۔ سب سے پہلے پاک اردو انسٹالر انسٹال کریں کیونکہ اسی کی مدد فوٹوشاپ اور کورل ڈرا میں آسانی سے اردو لکھ سکیں گے۔ مزید اردو کے رنگارنگ سٹائلش فانٹ اردو ویب فانٹ سرور سے حاصل کر سکتے ہیں۔

فوٹو شاپ میں اردو

فوٹو شاپ سی ایس 6 سے پہلے عربی، فارسی اور اردو وغیرہ لکھنے کے لئے فوٹوشاپ کا علیحدہ ورژن ہوتا تھا، جسے میڈل ایسٹرن ورژن کہا جاتا۔ فوٹو شاپ سی ایس 5 سے پرانے میڈل ایسٹرن ورژن میں اردو کی سہولت تو موجود تھی لیکن نستعلیق فانٹ کے حوالے سے یہ زیادہ بہتر نہیں تھے۔ سی ایس 5 میڈل ایسٹرن ورژن اردو اور نستعلیق فانٹ کے حوالے سے کافی حد تک بہتر ہو گیا۔ اب بھی اگر کوئی پرانا ورژن ہی استعمال کرنا اور اس میں اردو لکھنا چاہتا ہے تو میڈل ایسٹرن ورژن استعمال کرے کیونکہ اردو میڈل ایسٹرن ورژن میں ہی ٹھیک لکھی جا سکتی ہے۔
اڈوب نے فوٹو شاپ سی ایس 6 (Photoshop CS6) میں مختلف زبانوں کے لئے مختلف ورژن والی بات ختم کر دی۔ علیحدہ سے میڈل ایسٹرن ورژن بنانے کی بجائے اسی میں ہی میڈل ایسٹرن لینگوئج (Middle Eastern Languages) کی سپورٹ شامل کر دی۔ اب مختلف ورژنوں والا جھنجٹ ختم ہو چکا ہے اور فوٹوشاپ سی ایس 6 میں اردو اور وہ بھی نستعلیق فانٹ جیسے ”جمیل نوری نستعلیق“ میں لکھنے کی مکمل سہولت موجود ہے۔ اس کے باوجود بھی کئی لوگوں کو فوٹو شاپ سی ایس 6 میں اردو لکھنے میں مسئلہ پیش آتا ہے اور الفاظ ٹوٹ جاتے ہیں۔ دراصل یہ مسئلہ تب آتا ہے جب فوٹوشاپ میں لکھنے کی سیٹنگ میڈل ایسٹرن/اردو کے مطابق نہیں ہوتی۔ اگر کسی کو فوٹوشاپ سی ایس 6 میں اردو لکھنے میں مسئلہ ہے تو درج ذیل سیٹنگ کریں۔
فوٹوشاپ سی ایس 6 کھولیں۔ اس کے بعد Edit والی فہرست میں جا کر Preferences اور پھر Type پر کلک کریں۔ نئی ظاہر ہونے والی ونڈو میں Choose Text Engine Options کے نیچے Middle Eastern کی آپشن منتخب کرنے کے بعد OK کر دیں۔ اس کے بعد فوٹوشاپ کو مکمل بند کریں اور پھر دوبارہ کھولیں۔ فوٹو شاپ دوبارہ کھولنے کے بعد Type والی فہرست میں جاکر Language Options میں Middle Eastern Features پر کلک کریں۔ اس طرح اردو کی مناسبت سے سیٹنگ مکمل ہو جائے گی اور اس سیٹنگ کے بعد فوٹوشاپ سی ایس 6 میں اردو لکھنے میں کوئی مسئلہ پیش نہیں آئے گا۔ فوٹو شاپ میں اردو لکھنے کے لئے پاک اردو انسٹالر استعمال کریں۔ اس کے علاوہ فوٹوشاپ میں جیسے انگریزی کے مختلف فانٹ تبدیل کر سکتے ہیں بالکل ایسے ہی اردو کے بھی کر سکتے ہیں۔

کورل ڈرا میں اردو

کورل ڈرا کے ورژن 12 کے بعد اس میں اردو کی سپورٹ شامل ہو گئی تھی لیکن نستعلیق فانٹ ٹھیک نہیں چلتا تھا۔ کورل ڈرا ایکس 5 تک اس میں کافی بہتری آ گئی تھی لیکن پھر بھی کئی الفاظ خراب ہو جاتے تھے۔ مگر کورل ڈرا ایکس 6 (Corel Draw X6) میں اردو کی مکمل سپورٹ شامل ہو چکی ہے اور نستعلیق فانٹ جیسے ”جمیل نوری نستعلیق“ بھی ٹھیک چلتا ہے۔ بس ایکس 6 میں اردو کے حوالے سے ایک چھوٹا سا مسئلہ ہے۔ یہ مسئلہ پرانے ورژن میں نہیں تھا۔ کورل ڈرا کی ٹیم مختلف زبانوں اور فانٹس کی سپورٹ شامل کرتے کرتے اردو کے حوالے سے ایک غلطی کر گئی۔ وہ یہ کہ ایکس 6 میں چھوٹی ”ی“ ٹھیک طرح دوسرے حروف سے نہیں جڑتی۔ 20مارچ2012ء کو جب کورل ڈرا کا نیا ورژن X6 جاری کیا گیا تو میں نے انہیں دنوں کورل ٹیم کو اس مسئلہ کی نشاندہی کر دی اور کافی تفصیل سے اس مسئلے پر بات چیت ہوئی اور انہوں نے کہا کہ مسئلہ رجسٹر کر لیا گیا ہے اور نئی اپڈیٹ میں یہ حل ہو جائے گا۔ بہرحال اس مسئلہ کا عارضی حل ایک تو یہ ہے کہ کورل ڈرا X6 میں اردو کی ”ی“ کی بجائے عربی کی ”ي“ استعمال کی جائے کیونکہ عربی ”ي“ بالکل ٹھیک کام کر رہی ہے۔ عربی ”ي“ پاک اردو انسٹالر استعمال کرتے ہوئے AltGr+i سے لکھی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ دوسرا اور بہتر حل یہ ہے کہ کسی بھی ٹیکسٹ ایڈیٹر جیسے نوٹ پیڈ یا مائیکروسافٹ ورڈ میں اردو لکھ کر وہاں سے کاپی کر کے کورل ڈرا X6 میں پیسٹ کر لیا جائے۔
ہمارے ہاں اخبارات اور ڈیزائننگ وغیرہ کے شعبہ میں فوٹو شاپ اور کورل ڈرا بہت زیادہ استعمال ہوتے ہیں۔ پہلے ان سافٹ ویئرز میں براہ راست اردو نہیں لکھی جاتی تھی اور کسی دوسرے سافٹ ویئر جیسے ان پیج میں لکھ کر لے جانی پڑتی۔ اگر اردو تحریر میں چھوٹی سی تبدیلی کرنی پڑتی تو کافی کوفت ہوتی۔ مگر سوچیئے! اب فوٹو شاپ اور کورل ڈرا میں ڈائریکٹ اردو لکھی جا سکتی ہے اور اگر اردو تحریر میں کوئی تبدیلی کرنی پڑے تو وہ بھی براہ راست انہیں سافٹ ویئرز میں ہی ہو سکتی ہے۔ اس نئے نظام یعنی یونیکوڈ اردو نے تو زندگی آسان کر دی ہے۔ :-)
کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر کسی بھی جگہ اور کسی بھی سافٹ ویئر میں اردو لکھنے کے لئے پاک اردو انسٹالر انسٹال کیجئے۔ اردو لکھنے کے متعلق مزید تفصیل کے لئے پاک اردو انسٹالر کی تفصیلی مگر چھوٹی سی امدادی ویڈیو دیکھیں۔